احسن اقبال

ضمنی انتخابات عمران خان کی پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہونگے’ احسن اقبال

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں جلسوں میں شرکت کررہی ہیں ،کہیں مرکزی قیادت اور کہیں نمائندہ قیادت جاتی ہے ،اب شہزاد اکبر اور عمران خان کے اشتہاری ہونے کا وقت ہے ،ہمارا وقت گزر گیا اب ان کا وقت آنے والا ہے۔

جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جب قوم کے سامنے ان کے جرائم کی فہرست آئے گی ان کو کرہ ارض پر منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی ،یہ اپنے آپ کو فرشتہ کہتے ہیں،فرشتہ کہہ کر انہوںنے نے پاکستان کو لوٹا ہے ،اس حکومت نے پاکستان کے مافیاز کی سربراہی کی ہے ،جس طرح انہوںنے پاکستان کے مفادات کا سودا کیا ہے جب اس کی تفصیلات سامنے آئیںگی ان کو کرہ ارض پر چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ(ن) ضمنی انتخابات میں حصہ بھی لے گی اور بھاری اکثریت سے کامیاب بھی ہو گی ،ضمنی انتخابات عمران خان کی پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوں گے ،مسلم لیگ (ن)کے وزیر آباد اور ڈسکہ سے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں