چوری پکڑی گئی

شہباز شریف کے بھاگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی چوری پکڑی گئی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف کیس بڑا اوپن ہے، جیسے شہباز شریف اور دیگر بھاگ رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے ان کی چوری پکڑی گئی ہے۔

اسلام آباد میں حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں وزیر اعظم نے شہباز شریف اور شریف فیملی پر سخت تنقید کی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کی چوری اور منی لانڈرنگ پکڑی گئی ہے۔اجلاس میں ملکی سیاسی، معاشی اور کورونا وائرس کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز اور پارلیمنٹری سیشن پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرنا ہوگا،ایس او پیز پر سختی سے عمل کرانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو ہدایات دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام اقدامات کیے گئے ہیں،وینٹی لیٹرز کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کوآئندہ کی حکمت عملی سے متعلق گائیڈ لائنز فراہم کیں جب کہ وزیراعظم کا کورونا صورت حال سے متعلق اہم خطاب آئندہ 24 گھنٹے میں متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں