گندم کی فصل

سیلاب زدہ و بارشی علاقوں میں گندم کی فصل کی حالت دیکھ کر آبپاشی کی جائے، ترجمان محکمہ زراعت

فیصل آباد(عکس آن لائن)فیصل آباد ڈویڑن کے علاقوں میں صرف 3مرتبہ پانی دے کرگندم کی بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے تاہم سیلاب زدہ و بارشی علاقوں میں فصل کی حالت دیکھ کر آبپاشی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ گندم کو پہلا پانی شگوفہ نکلنے سے پہلے یعنی 20 سے25دن بعد لگایاجائے جبکہ دوسراپانی گوبھ کی حالت میں یعنی فصل اگنے کے 80 سے90دن بعد لگانا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایاکہ تیسرا پانی دانے کی دودھیا حالت میں یعنی 125 سے130دن بعد لگایاجائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سیلاب، زیادہ بارشی اور چاول والے رقبہ میں پہلاپانی 30سے40دن کے وقفہ سے لگاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ سیلاب زدہ و زیادہ بارشوں والے علاقوں میں پانی فصل کی حالت کو مد نظر رکھتے ہوئے لگایاجائے اور اگر موسم کچھ گرم ہو تو پہلے یا دوسرے اور تیسرے پانی کے درمیانی وقفہ میں حسب ضرورت ایک ایک پانی کااضافہ بھی کیاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں