الیکشن

سندھ سمیت پورے پاکستان سے صدارتی الیکشن کے بعد سرپرائز نظر آئیں گے،ناصر حسین شاہ

کراچی(عکس آن لائن )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورے پاکستان سے صدارتی الیکشن کے بعد سرپرائز نظر آئیں گے جبکہ شرجیل میمن نے کہاہے کہ اچکزئی اس جماعت کے امیدوار ہے، جو چور دروازے سے اقتدار میں آئی تھی،آصف زرداری تمام اداروں کو ساتھ بٹھائیں گے، ملک کو آگے چلنا ہے تو نفرت اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرنا ہوں گی۔

ہفتہ کو صدارتی الیکشن کے موقع پر سندھ اسمبلی میں شرجیل میمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے ووٹ لے کر کامیاب ہوں گے، وہ ملک کی خدمت کریں گے۔شرجیل میمن کہا کہ آصف زرداری نے پارلیمان کو اختیارات دئیے، ماضی میں پہلی دفعہ اپنے اختیارات نیچے منتقل کیے، آصف زرداری نے این ایف سی اور سی پیک کے تاریخی کام کیے ہیں، جبکہ وہ چاروں صوبوں کو جوڑیں گے،تمام اداروں کو ساتھ بٹھائیں گے، ملک کو آگے چلانا ہے تو نفرت اور الزام تراشی کی سیاست ختم کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی بات سامنے ہے کہ ووٹ نہیں دیں گے، محمود خان اچکزئی پی ٹی آئی کو برے لگتے تھے، انہوں نے اداروں کو برا بھلا بولا اور آج وہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے خلاف جو باتیں کرے وہ پی ٹی آئی کا پسندیدہ امیدوار ہے،محمود اچکزئی سے سوال کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اچکزئی صاحب بتائیں 2018 میں انتخابات کس طرح ہوئے، اچکزئی اس جماعت کے امیدوار ہیں، جو چور دروازے سے اقتدار میں آئی تھی، آج الیکشن کے بعد پاکستان کا سفر شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں