دودھ

دودھ دینے والے دیگر مویشیوں و جانوروں کو متوازن غذا اور تازہ پانی فراہم کرکے دودھ کی یومیہ پیداوار میں 20فیصد تک اضافہ ممکن

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ترجما ن نے کہاہے کہ گائے وبھینس سمیت دودھ دینے والے دیگر مویشیوں و جانوروں کو متوازن غذا اور تازہ پانی فراہم کرکے دودھ کی یومیہ پیداوار میں 20فیصد تک اضافہ کیاجا سکتاہے جبکہ مویشی پال حضرات جانوروں کو حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے میں بھی تساہل کامظاہرہ نہ کریں تاکہ مویشیوں وجانوروں کی دودھ و گوشت کی صلاحیت متاثر نہ ہوسکے اور عوام الناس کو حفظا ن صحت کے اصولوں کے مطابق صحت مند دودھ و گوشت کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایاکہ مویشیوں کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے وہ اسی قدر بہتر افزائش پاتے اور زیادہ پیداوار فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جس طرح عام انسان کیلئے تازہ پانی انتہائی اکسیر کی حیثیت رکھتاہے بالکل اسی طرح مویشیوں و جانوروں میں بھی پانی کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر دودھ دینے والی گائے و بھینس کو روزانہ 45 لیٹر، خشک گائے و بھینس کو بھی 45لیٹر پینے کاتازہ پانی فراہم کیا جائے تو اس کی روزانہ دودھ و گوشت کی پیداوار20فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مرغیوں کیلئے 24گھنٹے کے دوران آدھا لیٹر اور بھیڑ بکریوں کیلئے دن میں کم از کم 7لیٹر پینے کاپانی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ممکن ہو تو مویشی پال حضرات دن میں 4مرتبہ باڑوں کے اندر مویشیوں و جانوروں کو تازہ پانی و افر مقدارمیں فراہم کریں تاکہ دودھ اور گوشت کی پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ یقینی ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں