لاہور چیمبر

جرمنی کے ساتھ تجارت مزید بڑھانے کے لیے راستے تلاش کیے جائیں: لاہور چیمبر

لاہور (عکس آن لائن) لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے کہا ہے کہ جرمنی بہت سے حوالوں سے پاکستان کے لیے بہت اہمیت
رکھتا ہے، اس کی سرحدیں نیدرلینڈز، بیلجیئم، فرانس، سویٹزرلینڈ ، آسٹریا ، چیک ریپبلک ، پولینڈ اور ڈنمارک ، پاکستانی تاجروں کو جرمنی کے ساتھ تجارت کا موجودہ حجم مزید بڑھانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے جرمنی میں سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور سابق صدر فاروق افتخار نے بھی اس موقع خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی آصف سحر اور میاں شہریار علی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ علی حسام اصغر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے، پاکستان کے لیے درآمدات کے حوالے سے جرمنی گیارہویں جبکہ برآمدات کے حوالے سے پانچویں نمبر پر ہے، یہ خوش آئند ہے کہ دوطرفہ تجارت کا حجم گزرتے وقت کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو بین الاقوامی تجارتی میلوں اور نمائشوں میں بھرپور حصہ لینا چاہیے جس سے انہیں نئے تجارتی پارٹنرز ملیں گے اور اپنی مصنوعات عالمی سطح پر متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں جرمنی نے قابل ستائش کردار ادا کیا، پاکستان میں انرجی کی بڑھتی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی جرمنی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے مزید کہا کہ جرمنی سرمایہ کار پاکستان میں آئل اینڈ گیس، فوڈ، ڈیری پراسیسنگ اور انجینئرنگ سمیت دیگر شعبوں سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز اور تاجروں کے درمیان مضبوط روابط تجارت کو مزید مستحکم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کا دورہ کرنے والے تجارتی وفود کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں