وزیراعظم شہبازشریف

تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کی جعلی کہانی گھڑی گئی‘ وزیر اعظم

اسلام آباد(نمائندہ عکس) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کی جعلی کہانی گھڑی گئی ، ان کا جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ عمران خان کی اصلیت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتی ہے، اپنے دعووں کے برعکس، انہوں نے خود کو اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے چوٹی کے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ساتھ گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آئی جس میں ملک ریاض یہ کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ’خان کے پیغامات آرہے ہیں کہ مصالحت کروادیں‘۔مبینہ آڈیو میں ملک ریاض نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سر بس بتانا تھا، میں نے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا، باتیں آپ سے کرنی ہیں، آپ نے کہا تھا بات نہیں کریں گے۔مبینہ طور پر پراپرٹی ٹائیکون نے آصف علی زرداری سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ آپ کو انفارمیشن دینی تھی، خان کے پیغامات آرہے ہیں کہ مصالحت کروادیں‘۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے مبینہ آڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری شخص اور عمران خان کے مخالف سیاستدان آپس میں بات چیت کر رہے ہیں۔ بات چیت میں عمران خان سے منسوب باتوں کاحقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، عمران خان کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں، یہ تمام لوگ خان سے این آر او مانگتے رہے تھے جو انہیں نہیں ملا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں