ہمایوں اختر خان

اپوزیشن سینیٹ انتخابات کی شفافیت کیلئے حکومتی اقدامات کو کمزوری سمجھتے ہوئے بڑھکیں لگا رہی تھی ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے دن سے یہ کاوشیں کررہے ہیں کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت لائی جائے اور اسی کے نتیجے میں پنجاب ، خیبر پختوانخواہ اور بلوچستان میں اس کے مثبت اثرات بھی سامنے آئے ہیں، اپوزیشن واویلا کرنے کی بجائے حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کیلئے پیشکش کا جائزہ لے اور غیر مشروط طور پر مذاکرات کی میز پر بیٹھے ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی کارکردگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری آرہی ہے اور وزیر اعظم کا ان پر اعتماد بر قرار ہے ۔

پارٹی کے مرکزی دفتر میں اکابرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی فتح پر یہ جواز پیش کیا گیا کہ اراکین قومی اسمبلی نے انہیں ان کی اخلاقیات کی وجہ سے ووٹ دیا ہے اور جب حکومتی اتحاد کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کامیاب ہوئے ہیں تو اس پر میں نہ مانوں کی رٹ لگائی جارہی ہے ، اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اپنے عمل کا جائزہ لے اور اپنی غلطیوں کی اصلاح کرے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تو سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری ہونے سے بہت پہلے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے لیکن اپوزیشن اسے حکومت کی کمزوری قرار دیتے ہوئے بڑھکیں لگاتی رہی اور آج نتائج اس کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں شفافیت کا نظام لانا چاہتی ہے اوراب بھی وقت ہے کہ اپوزیشن آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی اصلاحات کے عمل میں غیر مشروط طو رپر شریک ہو تاکہ پاکستان میں عام انتخابات کے بعد سیاسی استحکام ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں