گھنائو نا کھیل

اپوزیشن جو گھنائو نا کھیل کھیل رہی ہے وہ ہمارے لئے قطعی سرپرائز نہیں ‘ سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ

لاہور( نمائندہ عکس) تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مرکز کی طرح پنجاب میں بھی اپوزیشن کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،اپوزیشن جو گھنائو نا کھیل کھیل رہی ہے وہ ہمارے لئے قطعی سرپرائز نہیں ،ہم ہاتھ باندھ کر دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر چلنے والوں کے عزائم سے پیشگی آگاہ ہیں لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستانی قوم ان چہروں سے اچھی طرح آگاہ ہو گئی ہے ۔

اپوزیشن کی طرف سے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارکے خلاف تحریک عدم اعتمادجمع کرائے جانے پر اپنے رد عمل میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم اپوزیشن کیلئے ہرگز میدان خالی نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ اپوزیشن کے جو چند لوگ بیرونی قوتوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں وہ دن دور نہیں جب کروڑوں عوام کے ہاتھ ان کے گریبانوں پرہوں گے اور انہیں پھر کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 27مارچ کا جلسہ ریفرنڈم تھا جس نے مستقبل کا نقشہ کھینچ دیا ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ ملک میں ایک ہی عوامی لیڈر ہے اور وہ عمران خان ہے ، پوری قوم نے پاکستانیت کا ساتھ دیا ہے اور عمران خان گزشتہ دودہائیوں سے زائد عرصے سے اسی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کہہ دیا ہے کہ میں حکومت کی قربانی تو کیااپنی جان دیدوں گا لیکن چوروں سے ہاتھ ملائوں گا اور نہ انہیں این آر او دوں گاایسے میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ شپ کی بڑے مقاصد کے سامنے کوئی حیثیت نہیں ۔اپوزیشن کے سیاسی بونے سازشوں کے ذریعے وقتی کامیابی تو حاصل کر سکتے ہیں لیکن تاریخ میں انہیں جس نام سے یاد رکھا جائے گا انہیں ماضی کو ضرور کھنگال لینا چاہیے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں