جوبائیڈن

امریکیوں کو کورونا ویکسین لگوانے پر مجبور نہیں کیا جائیگا، جوبائیڈن

واشنگٹن (عکس آن لائن) نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکیوں کو کورونا ویکسین لگوانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ویلمینگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ امریکا میں کورونا کی ویکسی نیشن لازمی نہیں ہوگی اور کسی بھی شہری کو مجبور نہیں کیا جائے گا کہ وہ ویکسین لگوائے۔نومنتخب صدر جوبائیڈن نے کہا کہ وہ اس بات کی بھی توقع کرتے ہیں کہ 20 جنوری کو صدر کی حلف برداری کی تقریب کورونا وائرس کے باعث پرہجوم نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکربطور صدر ہر وہ چیز کروں گا جس سے لوگوں کی درست چیزیں کرنے کیلئے حوصلہ افزائی ہو اور جب لوگ اچھی چیز کریں تو اس کا اظہار کریں کیونکہ یہ اہمیت رکھتا ہے۔جوبائیڈن کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نے پہلی مرتبہ ماسک کو انتہائی لازمی قرار دیتے ہوئے گھروں کے اندر بھی شہریوں کو ماس پہننے کی ہدایت کی ہے۔امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کاکہنا ہے کہ امریکہ وائرس کے ہائی لیول ٹرانسمیشن کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔جمعہ کے روز امریکا میں کورونا سے 2500 اموات ہوئیں اور 2 لاکھ 25 ہزار نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار ہوگئی ہے جبکہ کل مریض 14.3 ملین تک جا پہنچے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں