احسن اقبال

سی پیک منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہوگا، احسن اقبال

اسلام آباد(عکس آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لیے اب ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا، دورہ چین پر ایم ایل ون ایک اہم ایجنڈا ہو گا ۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر ا حسن اقبال کی زیر صدارت دورہ چین کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر کو مختلف وزارتوں کے حوالے سے دورہ چین کے دوران پیش کیے جانے والے منصوبوں پر تفصیلا بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک فیز 2 کی پیش رفت کو یقینی بنانا دورہ چین کا اہم ایجنڈا ہو گا، سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لیے اب ہمیں چین سے دو قدم آگے چلنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ دورہ چین پر ایم ایل ون ایک اہم ایجنڈا ہو گا، ایم ایل ون ڈیڑھ سو سال پرانا ٹریک ہے اور اگر اب اس پر کام شروع نہ کیا گیا تو خدانخواستہ ہم مزید حادثات کا شکار ہو سکتے ہیں، ایم ایل ون پر ہمارے مواصلات اور تجارت کے شعبوں کے لئے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ چین نے ایک واضح وژن اور روڈمیپ کے ساتھ ترقی کی، ملکی ترقی کے لیے ہمیں بھی ایک وژن کو لے کر چلنا ہو گا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ علاقائی تعاون، اپنے اور روابط کے حوالے سے پاکستان خطے میں اہم ترین ملک ہے، ہمیں خطے میں اپنی جغرافیائی مرکزیت کو مواقع میں بدلنے کے لئے ٹھوس منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ اجلاس میں سیکریٹری ریلوے، سیکریٹری این ایچ اے، ایڈیشنل سیکریٹری پاور اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلی حکام نے شرکت کی۔