شاہ محمود قریشی

افغان وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ ،افغان عمل امن پر سامنے آنے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال

دبئی /اسلام آباد (عکس آن لائن)افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے دوبئی میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغان عمل امن پر اب تک سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اتوار کو ہونے والے رابطے میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ماہ صیام کے حوالے سے مبارک باد کا تبادلہ کیا گیا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایک پر امن، اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے ،ہم افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان کو پرامن اور مستحکم بنانے کیلئے اپنی مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں ” استنبول پراسس” دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے معاون ثابت ہو گا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ ادا کیا۔افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے استنبول میں ملاقات پر اتفاق کیا ،وزیر خارجہ نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کو ”استنبول پراسس اجلاس کے بعد اسلام آباد مدعو کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں