اداکارہ نادیہ جمیل

اداکارہ نادیہ جمیل بریسٹ کینسر میں مبتلا ہوگئیں

کراچی (عکس آن لائن) معروف اداکارہ نادیہ جمیل بریسٹ کینسر میں مبتلا ہوگئیں۔ اداکارہ نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر اپنے چاہنے والوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان میں بریسٹ کینسر(چھاتی کے سرطان) کی تشخیص ہوئی ہے۔

اور چار روز میں وہ دو مرتبہ علاج کے لیے جاچکی ہیں۔ نادیہ جمیل نے بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں سے وہ اداسی، خوف ، محبت، سکون، قبولیت، صبر، شکر جیسے احساسات سے دوچار ہیں جب کہ اس دوران انہیں اپنے بچوں، والدین، اپنے پیاروں اور خود کے لیے ذمہ داری کا احساس بھی ہوا۔ نادیہ جمیل نے اپنی بیماری سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے کینسر کی اسٹیج ون ہے جب کہ ٹیومر کا گریڈ 3 ہے۔

انہوں نے خواتین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ باقاعدگی سے خود کی جانچ پڑتال کرنا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کو اپنے اندر کوئی بھی غیر معمولی کیفیت محسوس ہوتی ہے تو فورا اس کا سدباب کریں۔ اپنے جسم اور اپنی صحت کو کبھی بھی نظر انداز مت کریں۔

نادیہ جمیل نے مزید کہا کہ میں اپنی سرجری کی تاریخ کا انتظار کررہی ہوں اور میں اس حوالے سے بہت مثبت ہوں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کو فکر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنا بہت خیال رکھیں۔ انہوں نے اپنی مسکراتی ہوئی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کینسر نے میری مسکراہٹ نہیں چھینی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں