احتساب عدالت

احتساب عدالت نے نوازشریف ، زر داری اور گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس واپس نیب کو بھیج دیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس عدالتی دائرہ اختیار نہ ہونے پر واپس نیب کو بھیج دیا۔بدھ کو احتساب عدالت نمبر3 میں زیر سماعت مذکورہ ریفرنس پر فاضل عدالت کے جج سید اصغر علی عرصہ تعیناتی مکمل ہونے اور چارج چھوڑ جانے کے باعث ایڈمنسٹریٹیو جج محمد بشیر کی عدالت نے سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کی طرف سے نیب ترمیمی ایکٹ2022ء کے تحت دائر درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس واپس نیب کو بھجوانے کا حکم سناتے ہوئے کہاکہ عدالتی دائرہ اختیار نہ ہونے پر ریفرنس واپس بھیجا جاتاہے، نیب متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔

واضح رہے کہ مذکورہ نیب ریفرنس میں آصف علی زرداری، میاں محمد نواز شریف، سید یوسف رضا گیلانی، عبدالغنی مجید اور انور مجید پانچ ملزمان ہیں اور طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کا کیس دیگر چاروں ملزمان سے الگ کرنے کے علاوہ نواز شریف کی جائیداد قرقی کا بھی حکم دے رکھا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں