پرویز الٰہی

پرویز الٰہی کی غیر قانونی بھرتی کیس میں ضمانت، تحریری فیصلہ جاری

لاہور(عکس آن لائن ) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کی پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتی کے مقدمے میں ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسٹس سلطان تنویر احمد نے 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں بتایا گیا کہ پرویز الہی کے کیس میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے چنانچہ عدالت ان کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت پرویز الہی کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے اور دو شورٹی بانڈ جمع کروانے کی ہدایت کرتی ہے۔ عدالت نے پرویز الہی کی ضمانت منظوری کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے احکامات کا حوالہ بھی دیا۔

فیصلے کے مطابق پرویز الہی کے وکیل نے بتایا کہ سابق وزیر اعلی پنجاب کی عمر 80 سال ہے، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے استدعا کی کہ پرویز الہی کی ضمانت منظور کی جائے تاہم سرکاری وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی۔ فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری وکیل نے کہا کہ اس اسٹیج پر ان کی ضمانت منظور نا کی جائے۔