بجٹ

ہر سال بجٹ میں مختلف ممالک کا انتخاب کر کے سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی پالیسی لائی جائے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور(عکس آن لائن ) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش کے ساتھ سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد نا گزیر ہے ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی تیاری میں افغانستان کی ہنر مند لیبر کا کلیدی کردار ہے لیکن طورخم بارڈر کے راستے خام مال بھجوانے اور وہاں سے جزوی تیار خام مال کی واپسی میں بے پناہ مسائل کا سامنا ہے جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے ، قالینوں کی صنعت کیلئے طورخم کے راستے آنے والا جزوی تیار خام مال حتمی تیار ی کے بعد قالینوں کی صورت میں برآمدہو جاتا ہے اس لئے بلا تفریق ریلیف ملنا چاہیے ۔ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک، وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد، سعید خان ، دانیال حنیف اور فیصل سعید خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کسی بھی نئے ملک سے تجارت دیگر ممالک سے ہونے والی تجارت کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کیلئے ایسا فریم ورک تیار کیا جانا چاہیے جس سے ہماری پہلے سے ہونے والی تجارت متاثر نہ ہو۔

ایسے بہت سے ممالک ہیں جن سے بغیر کسی رکاوٹ کے تجارت ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برآمدات کے فروغ کیلئے نئی منڈیا ںتلاش کرنا ہوں گی اور اس کے ساتھ ساتھ جو برآمدی شعبے ہیں انہیں اپنی آئٹمز کی تعداد بڑھانے کے لئے بھی معاونت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال بجٹ میں مختلف ممالک کا انتخاب کر کے وہاں پر سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی پالیسی اور اس کے لئے ایک فنڈ قائم کرے جس میں ہر سال اضافہ کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں