ڈینگی بخار

ڈاکٹر زڈینگی بخار کی علامات و مراحل بارے اپنی معلومات اپ ڈیٹ رکھیں:پروفیسرالفرید ظفر

لاہور(عکس آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میدیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے نوجوان ڈاکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ڈینگی بخار کی تمام علامات اور مراحل کے بارے میں اپنی معلومات کو اپ ڈیٹ رکھیں اور اپنے تجربہ کار سینئر ڈاکٹرزسے رہنمائی حاصل کریں تاکہ جب انہیں ڈینگی بخار کے پیچیدہ کیسز کا سامنا کرنا پڑے تو اُن کو علاج معالجے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال میں نئے تعینات ہاؤس آفیسرز کے لئے منعقدہ ڈینگی کلینیکل مینجمنٹ تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میڈیکل یونٹ 3کے پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق کی زیر نگرانی سیمینار میں ڈاکٹر کاشف عزیز احمد اور ڈاکٹر مقصود نے شرکاء کو ڈینگی بخار کی تشخیص، علامات اور جدید طریقہ علاج سے متعلق آگاہ کیااور ڈاکٹرز کو مریض کی ہسٹری اور ریکارڈ مرتب کرنے بارے رہنما اصولوں کے بارے میں آگاہی دی جبکہ ورکشاپ میں 100سے زائد ڈاکٹرز شریک تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے نئے ہاؤس آفیسرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنا دکھی انسانیت کی خدمت کی پہلی سیڑھی ہے جو ڈاکٹر زاپنی اعلیٰ تعلیم اور پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے کے لئے مسلسل مصروف عمل رہتے ہیں وہ نہ صرف طب کی دنیا میں اپنا نام پیدا کرتے ہیں بلکہ ان کے مریضوں میں بھی اعتماد بڑھتا ہے اور لوگ اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر سے علاج کروانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ پاکستانی نوجوان اہلیت،قابلیت اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ اپنی آمدن کا کچھ حصہ میڈیکل کے شعبوں میں سپیشلائزیشن پر صرف کریں اورپی ایچ ڈی اور ریسرچر بننے کے لئے میدان عمل میں نکلیں۔

ڈاکٹر کاشف عزیز احمد اور ڈاکٹر مقصود نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ڈینگی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لئے ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرز کا ڈینگی کے حوالے سے ڈینگی مینجمنٹ کلینیکل نالج انتہائی ضروری ہے جو مریضوں کی جان بچانے اور جلد صحتیابی میں بہت معاون ثابت ہوتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں اور صفائی ستھرائی پر توجہ نہ دینے سے مچھروں کی افزائش کے باعث بہت سی بیماریاں پھیل رہی ہیں اور اس ضمن میں سول سوسائٹی، میڈیا،سماجی تنظیموں کو عوامی شعور کی بیداری کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔
سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اگر پرہیز علاج سے بہتر ہے کے نعرہ کو کامیاب بنایا جائے تو شہریوں کے مالی اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔موجودہ حکومت ڈینگی مریضوں کے بہتر علاج کے لئے بہت سے اقدامات اٹھا رہی ہے اورجنرل ہسپتال کی انتظامیہ بھی مریضوں کی بہتر نگہداشت وعلاج پر بھرپور توجہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بخار ڈینگی نہیں ہوتا،بر وقت تشخیص سے مرض کی روک تھام ہو سکتی ہے لہذا شہریوں کو چاہیے کہ گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں مستند معالج سے رجوع کریں، ایل جی ایچ میں 24گھنٹے مفت طبی و تشخیصی سہولیات میسر ہیں، ڈاکٹرز و نرسز ہمہ وقت الرٹ ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں