سورج مکھی

سورج مکھی کی فصل 4پتے نکال لے تو فصل کی چھدرائی کردی جائے،کاشتکاروں کوہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن):محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی تلفی، چھدرائی اور کھادوں کے بروقت استعمال کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے بعد جڑی بوٹیوں کی تلفی، چھدرائی اور کھادوں کے استعمال پر خصوصی توجہ دیں۔محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار پر اثرانداز ہونیوالے عوامل میں زیادہ توجہ طلب امر جڑی بوٹیوں کی موجودگی ہے کیونکہ ان کی کثیر تعداد اور تیز روئیدگی فصل کو خوراک، پانی اور روشنی سے محروم کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پہلے 8ہفتے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سورج مکھی کی جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے گوڈی کی جائے یا پھر محکمہ زراعت کے مشورے سے بوٹی مار زہریں استعمال کی جائیں نیز اگر افرادی قوت موجود ہو تو گوڈی بہترین طریقہ ہے تاہم اگر گوڈی کی سہولت میسر نہ ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورے سے جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اگا کے بعد جب فصل4 پتے نکال لے تو فصل کی چھدرائی کی جائے اور چھدرائی کے وقت پودے سے پودے کا فاصلہ 9انچ رکھا جائے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے اور دوسرے پانی کیساتھ آدھی بوری یوریا اور پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت ایک بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرکے بہتر پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں