لاہور جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال اور نیورو انسٹی ٹیوٹ میں آنے والے ہر شخص کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار

لاہور(عکس آن لائن) کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور جنرل ہسپتال اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے سربراہان نے طبی عملے اور شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے بر وقت اقدامات اٹھاتے ہوئے ادارے کی حدود میں آنے والے ہر شخص کے لئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا تاکہ ہر شہری اپنے ساتھ ساتھ طبی عملے ،مریضوں اور تیمارداروں کی بھی حفاظت کر سکیں ۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر “پنز”پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ شدید بیماری یا معذوری کی صورت میں بیمار صرف ایک تیماردار کو ہی ساتھ لے جا سکے گا اور آؤٹ ڈور میں صرف مریض کو ہی ڈاکٹر تک رسائی حاصل ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس انتہائی خطرناک ہے لیکن اس سے ڈرنے کی بجائے ہر فرد کو حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا اور اس وائرس سے بچنے اور شکست دینے کے لئے اپنا بھرپور حصہ ڈالنا ہوگا۔پرنسپل پی جی ایم آئی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر خدمات سر انجام دینے والے ہم سب کے ہیرو ہیں جن پر ساری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی جی ایم آئی اور امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹاف کو بھی ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت کرنا ہوگاتاکہ ان کی حفاظت کو بھی مد نظر رکھا جا سکے۔

پروفیسر الفرید ظفر اور پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ شہریوں کو کورونا سے بچنے کے لئے اپنا طرز زندگی بدلنا ہوگا اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپنے کے لئے ماسک کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام دوسروں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنی حفاظت ضرور کرے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بارہ سال سے کم عمر بچوں کو ہسپتال ہمراہ نہ لائیں ۔

انہوں نے اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس سے بھی کہا کہ ان کے دفاتر اور ہسپتال کی چار دیواری کے اندر ماسک کے بغیر آنے والوں کو حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی ترغیب دیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے کینٹین او رپارکنگ اسٹینڈ کے ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے ملازمین کو ماسک پہننے کا پابند بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں