علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی ورکشاپس آن لائن منعقد کرے گی

اسلام آباد(عکس آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2020ء میں پیش کئے گئے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی ورکشاپس آئندہ ماہ سے آن لائن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ورکشاپس کے آن لائن انعقاد کا یہ فیصلہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے بعد پید ا شدہ صورتحال ٗحکومتی فیصلے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن)ایچ ای سی( کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔موجودہ بحرانی کیفیت کے پیش نظر یونیورسٹی نے آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم متعارف کیا ہے تاکہ اِن مشکل حالات میں بھی تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں۔ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کے وژن اور اقدامات کے مطابق یونیورسٹی کے مجمومی نظام) جو داخلے ٗ امتحانات ٗ مالی ٗ انتظامی اور تعلیمی سرگرمیوں پر مشتمل ہے( کوڈیجٹلائز کرنے کا عمل بھی جاری ہے ۔

یونیورسٹی نے حال ہی میں پاکستان کا پہلا” آگاہی لرننگ مینجمنٹ سسٹم” متعارف کیا ہے جسے نیکسٹ جنریشن لرننگ مینجمنٹ سسٹم تصور کیا جاتا ہے۔آن لائن ورکشاپس کے انعقاد کا فیصلہ سیکھنے کے نئے پلیٹ فارم کے تصور یا اکیسویں صدی کے ورچوئل کلاس روم کے مطابق بھی ہے۔یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ کے تمام پروگرامز آگاہی لرننگ مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کردئیے ہیں۔یونیورسٹی اپنے طلبہ کی سہولت کے لئے آن لائن یا بلنڈڈ لرننگ سسٹم متعارف کرنے کی منصوبہ بندی میں دن رات مصروف عمل ہے ۔فیصلے کی روشنی میں سمسٹر بہار 2020 ء کے ٹیچنگ اور لرننگ دونوں آگاہی لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے تحت آن لائن ہونگے۔

ایل ایم ایس کی تفصیلات طلبہ کو رہنمائے طلبہ یا ایل ایم ایس پر ویڈیو کے ذریعہ شئیر کی جائیں گی ٗاس مقصد کے لئے طلبہ انٹرنیٹ پیکجز کے ساتھ آئی پیڈز ٗ لیپ ٹاپس اور ڈسک ٹاپس استعمال کرسکتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ طلبہ کی راہنمائی اور سپورٹ کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت دستیاب ہوگی۔طلبہ کسی مشکل کی صورت میں یونیورسٹی کے کال سینٹر/ یونیورسل نمبر 051-111-112-468پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں