ٹیموں

5 ٹیموں کے غیرملکی پلیئرز کو70 فیصد معاوضہ ادا

کراچی(عکس آن لائن) پی ایس ایل میں شریک 5 ٹیموں کے غیرملکی کرکٹرز کومعاوضوں کی70 فیصد ادائیگی ہو گی جب کہ چھٹی ٹیم کو پیر کے روز رقم ملے گی۔پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کو معاوضوں کیلیے کبھی پریشان نہیں کیا جاتا اسی لیے غیرملکی اسٹارز پاکستانی لیگ کھیلنے پر ہمیشہ آمادہ ہو جاتے ہیں،طریقہ کار کے تحت اب تک آٹھویں ایڈیشن میں شریک کرکٹرز کو معاوضوں کا 70 فیصد حصہ مل جانا چاہیے تھا مگر کئی عدم ادائیگی کی شکایت کرتے نظر آئے۔

یہ بات جب پی سی بی کے ٹاپ آفیشلز تک پہنچی تو انھوں نے تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جلد ادائیگی کی ہدایت جاری کر دی۔ذرائع نے بتایا کہ5 ٹیموں کے تمام غیرملکی کرکٹرز کوپہلے ہی معاوضے کی رقم دی جا چکی ہے، چھٹی ٹیم کے فارن کرکٹرز کو پیر کے روز ادائیگی ہو گی، چار ٹیموں کے مقامی کھلاڑیوں کو گزشتہ روز اسلام آباد میں چیک دیے جانے تھے، دیگر 2 ٹیموں کے لوکل پلیئرز کے حوالے سے شعبہ فنانس کو فرنچائزز سے معلومات کا انتظار ہے، جیسے ہی یہ تفصیلات ملیں 24 گھنٹے میں ادائیگی کا یقین دلایا گیا ہے۔

اس حوالے سے رابطے پر ایک کرکٹر نے بتایا کہ گذشتہ سال سے ابتدائی قسط ملنے میں تاخیر ہو رہی ہے،البتہ ہمیں اس سے کوئی پریشانی نہیں کیونکہ ادائیگی فرنچائزز نہیں پی سی بی کرتا ہے،ایک ٹیم آفیشل نے کہا کہ ڈرافٹ میں تاخیر کی وجہ سے کھلاڑیوں کی لسٹ بھیجنے میں دیر ہوئی۔پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ معاوضوں میں تاخیر کا موجودہ ملکی حالات سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارے پاس پی ایس ایل کی ادائیگیوں کیلیے کافی رقم موجود ہے،پیر تک تمام غیر ملکی کرکٹرز کو 70 فیصد ادائیگی ہو چکی ہو گی،اسی ہفتے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی اتنا معاوضہ مل جائے گا، یاد رہے کہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت بقیہ 30 فیصد رقم ایونٹ ختم ہونے کے بعد دی جاتی ہے۔

دوسری جانب تمام شریک کھلاڑیوں کو پہلے ہی روز ابتدائی مرحلے کا ڈیلی الاؤنس ادا کر دیا گیا تھا،اس بار 11 ہزار روپے یومیہ کے حساب سے ادائیگی ہوئی،50 ڈالر کا ریٹ 220 کے حساب سے لگایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں