ڈونلڈ ٹرمپ

2024 کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ،ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (عکس آن لائن)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ برطانوی شہزادے ہیری کی امریکی اہلیہ 39 سالہ میگھن مارکل 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں۔اگلے انتخابات میں حصہ لینے کے سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ انتخابات میں میگھن مارکل ڈیموکریٹک کی امیدوار ہوں گی تو وہ ضرور انتخابات میں حصہ لینا چاہیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ میگھن مارکل کے مداح نہیں ہیں اور نہ ہی وہ انہیں بہت زیادہ پسند کرتے ہیں مگر ان کا امریکی انتخابات میں حصہ لینا ان کے لیے حوصلہ مند ہوگا اور وہ ضرور اگلے انتخابات میں دوسری مدت کے لیے حصہ لینا چاہیں گے۔

سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میگھن مارکل اگر امریکی صدارتی امیدوار ہوں گی تو وہ بھی ضرور صدارتی امیدوار ہونے کا سوچیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ میگھن مارکل یا ملکہ برطانیہ کو زیادہ نہیں جانتے، وہ دونوں کو اتنا ہی جانتے ہیں، جتنا مذکورہ شخصیات کو دوسرے لوگ جانتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ابھی انہوں نے 2024 کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا مگر میگھن مارکل امیدوار ہوں گی تو انہیں بھی میدان میں اترنے کا مزہ آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں