احسن اقبال

2024کے بعد پھر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا آغاز کریں گے،احسن اقبال

لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کےسینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2024 کے بعد ہم پھر سے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کاآغاز کریں گے۔ ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 21 اکتوبر کو قائد نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں، نوازشریف کی واپسی ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرگئی ہے،

2013 میں سابق وزیراعظم کو آج سے مشکل حالات ورثے میں ملے تھے، پاکستان میں بدامنی عروج پر تھی، غیر ملکی سرمایہ کار بھاگ چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017 تک مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری ختم ہوگئی تھی، ایک بدترین سازش کے ذریعے نوازشریف کو نااہل کیا گیا، آج سازش کے کردار خود گواہی دے چکے ہیں کہ نوازشریف کے خلاف سازش ہوئی، پاکستان نے اس عمل کی بہت بھاری قیمت ادا کی، پاکستان پر ایک ناکامی مسلط کی گئی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص جس نے یونین کونسل تک نہیں چلائی تھی اس کو ایٹمی طاقت کی کنجیاں دے دی گئیں، چیئرمین پی پی ٹی آئی جب آئی ایم ایف سے معاہدہ کررہے تھے تو ہم نے چیخ چیخ کرکہا تھا یہ غریبوں کے مستقبل کا سودا کررہے ہیں اس کا نتیجہ بدترین مہنگائی کی صورت میں نکلے گا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ آج ہمیں چیئرمین پی ٹی آئی کے کئے گئے معاہدے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، ہم 2024 میں کامیاب ہو کر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، 2024 سے ایک نیا سفر شروع ہو گا، 2024 کے بعد ہم پھر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کاآغاز کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی عالمی شخصیت کے باعث ہم دوست ممالک سے مثالی تعاون کو بحال کرنے میں کامیاب ہوں گے، یقین ہے نوازشریف کی قیادت میں ملک معاشی بحالی کے عمل میں کامیاب ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں