میاں زاہد حسین

2020 پاکستان اور ساری دنیا کے لیے بہت تکلیف دہ سال تھا،میاں زاہد حسین

کراچی (عکس آن لائن)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ2020 پاکستان اور ساری دنیا کے لیے بہت تکلیف دہ سال تھا۔ اس سال میں کرونا وائرس نے عالمی معیشت کو زمین بوس کر دیا کروڑوں افراد کو خط غربت سے نیچے دھکیل دیا جبکہ اربوں افراد کے طرز زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل ڈالا۔اس وائرس کی دوسری لہر جاری ہے جبکہ تمام ممالک اس سے نمٹنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں ۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ2020 میں دنیا کے سٹیج پر بہت سے واقعات ہوئے ہیں جن میں امریکی صدر ٹرمپ کی شکست، متعدد ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنا، برطانیہ کا یورپی یونین سے نکلنا، مودی سرکار کا ہندو بنیاد پرستی کو فروغ دینا بھارت کا کشمیر پر غاصبانہ قبضہ او ر آرمینیا و آزربائیجان کے مابین جنگ مگر وائرس کی تباہ کاریوں نے سب کچھ دھندلا کر رکھ دیا ہے اور بیس لاکھ افراد کی جان لے کرساری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کو ماضی کی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ملکوں اور قوموں کا مستقبل اس سے جڑا ہوا ہے۔اس وائرس نے ساری دنیا میں تعلیمی نظام کو بھی درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے جس نے کروڑوں بچوں کے مسقبل پر سوالیہ نشانات کھڑے کر دئیے ہیں جبکہ مختلف افواہوں نے ویکسین کے متعلق نہ ختم ہونے والی بحث کو جنم دیا ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے عوام تک حقائق پہنچانا ضروری ہیں ۔اس وبا نے غریب ممالک کو مزید غریب کر دیا ہے اور وہ دیوالیہ پن سے بچنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں جبکہ عالمی ادارے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہے ہیں۔غریب ممالک میں وسائل کی کمی سے اربوں افراد ویکسین سے محروم رہ سکتے ہیں۔غریب ممالک کو تباہی سے بچانے اور اربوںغریبوں کو ویکسین پہنچانے کی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے امیر ممالک کو آگے آنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں