اقوام متحدہ

2020ء افغانوں کیلئے امن اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (عکس آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان، تدامچی یماموتو نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ 2020ء افغانستان کے لیے امن کا سال ثابت ہو گا، جس میں خوشحالی عوام کا مقدر بنے گی۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اپنے ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ کابل سے جاتے ہوئے لاکھوں افغانیوں کی طرح وہ اس خواہش کا اظہار کرتے ہیں کہ افغانستان میں امن و امان کا دور جلد لوٹ آئے۔انھوں نے کہا کہ 2020ء لڑائی کے خاتمے کا سال ہو گا، جب افغانوں کی پر امن اور خوشحال معاشرے کی تمنا پوری ہو گی، جس خواہش کا انھیں پورا حق ہے۔پانچ برس تک خدمات انجام دینے کے بعد کابل سے رخصت ہوتے ہوئے، اقوام متحدہ کے اہل کار نے کہا کہ ان پانچ سالوں کے دوران انھیں موقع ملا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے افغان عوام کی خدمت بجا لائیں، جس عہدے کو یماموتو نے اپنی خوش نصیبی قرار دیا۔

اس موقع پر نمائندہ خصوصی نے افغان عوام، بین الاقوامی شراکت داروں اور احباب کا شکریہ ادا کیا، جنھوں نے خدمت بجا لانے میں میرا ساتھ دیا۔اقوام متحدہ کے عہدے دار نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اب بھی افغان معاشرے کو چیلنجوں کا سامنا ہے ،تاہم انہیں پورا اعتماد ہے کہ اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک افغان عوام ان مشکلات پر ضرور قابو پالیں گے۔انھوں نے کہا کہ آئندہ بھی اقوام متحدہ افغان عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہو گا اور ان کی ہر طرح سے مدد جاری رکھی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں