سیما کامل

12ہزار روپے ادائیگی کرنے والا بھی اب گھر خرید سکے گا،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی(عکس آن لائن) ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل نے کہا ہے کہ ہوم فنانسنگ کیلئے بینکوں اور عام آدمی کی مشکلات کو دیکھا گیا ہے۔ 40 ہزار روپے آمدنی والا ذاتی گھر کا خواب نہیں دیکھ سکتا تھا لیکن اب 12 ہزار روپے کی ادائیگی کرنے والا بھی گھر لے سکے گا۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک سیما کامل نے بتایاکہ پاکستان میں ہائوسنگ فنانس کیلئے پہلی بار باقاعدہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بینک کے نارمل ریٹ پر لوگ قرضے نہیں لے سکیں گے۔ متوسط طبقے کو بھی 25 ہزار روپے تک قسط پر گھر مل سکے گا۔ قرض کیلئے صرف شرط یہ ہے کہ پہلی بار گھر خریدا جا رہا ہو۔ پہلے سے گھر کے مالک کو رعایتی ہائوسنگ فنانس نہیں ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہر ہفتے وزیراعظم عمران خان ہوم فنانس میٹنگ کرتے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے ساتھ بھی ہر ہفتے دو میٹنگز ہوتی ہیں۔ ایل ڈی اے پروجیکٹ میں نیفڈا نے 2400 فلیٹس بک کرا لیے ہیں۔سیما کامل نے بتایاکہ بینکوں کے ساتھ فارم، بروشر، مارکیٹنگ اور ٹریننگ شروع ہو چکی ہے۔ بینکوں نے ہوم فنانسنگ کیلئے سٹاف کو تربیت دینے کا آغاز کر دیا ہے۔ ایک ہفتے میں بینکوں کے پروڈکٹ، اشتہار اور بروشر نظر آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ زیادہ تر لوگ شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ سے اپنے گھر بناتے ہیں۔

ہائوسنگ فنانس میں زیادہ تر اسلامک بینکنگ کی پروڈکٹ ہوں گی۔ پہلے درجے میں نیا پاکستان اسکیم جبکہ دوسرے میں باقی گھر ہونگے۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ بینکوں کے ایک فارم جبکہ پروڈکٹ فیچر بھی ایک ہی ہونگے۔ بینکوں کو ہدایت ہے کہ کسٹمرز کو 30 دن میں قرضے کا فیصلہ کریں۔ جن کی آمدنی کا ثبوت نہیں ہوگا، بینک ان کی آمدنی کا اندازہ لگائیں گے۔ بجلی، فون بل اور سکول فیس سے بھی بینک آمدنی کا اندازہ لگائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں