جسٹن ٹروڈو

یہ بادشاہت کو ختم کرنے کا وقت نہیں، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو

ٹورنٹو(عکس آن لائن)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت بادشاہت کو ختم کرنے کی باتوں کا نہیں ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی حکومت برطانیہ میں بادشاہت کو ختم کرنے کے لیے کسی بھی قسم کی آئینی گفتگو کا حصہ نہیں بنے گی۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ یہ وقت ان سب باتوں کے لیے مناسب نہیں ہے کیونکہ ملک پہلے ہی عالمی وبا کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔جسٹن ٹروڈو سے ہیری اور میگھن مارکل کے انٹرویو کے بعد ہاوس آف ونڈسر سے کینیڈا کے تعلقات پر نظر ثانی کرنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بالکل، میری خواہش ہے کہ شاہی خاندان کے سب افراد بہترین رہیں لیکن ابھی میری توجہ کورونا وائرس کی خراب صورتحال کی طرف ہے۔وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ لوگ بعد میں کسی بھی قسم کی آئینی تبدیلی کے بارے میں بات کرنا چاہیں یا موجودہ حکومتی نظام کو بدلنا چاہیں تو کرسکتے ہیں لیکن ابھی یہ وقت اس طرح کی کسی بھی بات کے لیے مناسب نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں