انتونیو گوتریس

یواین اجلاس میں طالبان کی مشروط پیشکش قبول نہیں،گوتیرس

نیویارک(عکس آن لائن)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ طالبان نے افغانستان پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے ناقابل قبول شرائط رکھی ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر میں دو روزہ اجلاس کے اختتام پر میڈیاسے گفتگومیں گوتریس نے کہا کہ طالبان کے مطالبات میں افغان سول سوسائٹی کے ارکان کو دوحہ میں ہونے والے مذاکرات سے خارج کرنا شامل تھا۔ ایسے سلوک کا مطالبہ بھی کیا گیا جو طالبان کو ملک کے جائز حکمران کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہاکہ طالبان کی طرف سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں اس اجلاس میں شرکت کے لیے کچھ شرائط ہیں جو ناقابل قبول ہیں۔ ان شرائط نے ہمیں افغان معاشرے کے دیگر نمائندوں سے بات کرنے کے حق سے محروم کر دیا اور ایسے سلوک کا مطالبہ کیا جو پہچان سے قریب تر ہو۔

انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ طالبان کی عدم موجودگی اس عمل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے ساتھ ملاقات کے نتائج پر بات کرنا مفید ہے۔ یہ آج نہیں ہوسکا لیکن یہ مستقبل قریب میں ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ ہم ایسا حل تلاش کریں گے جس سے طالبان کو شرکت کی اجازت ملے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں