حسن علی

ہم ورلڈ کپ میں بھارت کو نہ ہرانے کی روایت توڑنا چاہتے ہیں، حسن علی

احمد آباد(عکس آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ پر فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ ہم ورلڈ کپ میں بھارت کو نہ ہرانے کی روایت توڑنا چاہتے ہیں۔گفتگو کے دوران حسن علی نے کہا کہ نیدرلینڈز اور سری لنکا سے جیت کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹورنامنٹ کا آغاز جیت سے کریں تو اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، ہم بھی ورلڈکپ میں بھارت کو نہ ہرانے کے اس جمود کو توڑنا چاہتے ہیں۔فاسٹ بولر نے کہا کہ سری لنکا سے میچ میں اندازہ تھا وکٹ سیدھی ہوگی اور ہائی اسکورنگ میچ ہوگا، ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کیلئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سینئر کرکٹر ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ میں اضافی دباؤ ہوتا ہے، گراؤنڈ میں داخل ہوتے وقت تھوڑا نروس ہوتا ہوں۔حسن علی نے کہا کہ تجربہ کار کھلاڑی ہونے کے باعث نروس اور پریشانی زیادہ دیر نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچز دنیا بھر کے کھیلوں میں سب سے بڑے حریف کے طور پر دیکھے جاتے ہیں، پاکستان ٹیم اور میں خود اس میچ کے سلسلے میں بہت زیادہ پْرجوش ہے۔فاسٹ بولر نے کہا کہ پاک بھارت میچ ایک ایسے اسٹیڈیم میں کھیلیں گے جہاں ایک لاکھ سے زیادہ تماشائی آتے ہیں، میچ میں میزبان ٹیم پر دباؤ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر اپنے تماشائیوں کے سامنے کھیل رہی ہوگی، ہم کوشش کریں گے کہ جلد مومینٹم حاصل کر کے میچ جیتیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں