کھجور کے باغبانوں

کھجور کے باغبانوں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)ماہرین زراعت نے کھجور کے باغبانوں وکاشتکاروں کو رواں ہفتہ کے دوران پودوں میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ باغبان و کاشتکار نومبر کے اختتام تک کھاد ڈالنے کا عمل مکمل کر لیں جبکہ انہوں نے اگلے ماہ دسمبر کے دوران کھجور کے پودوں کو فاسفورس کھاد کی پوری اور نائٹروجن کی آدھی مقدار ڈالنے کا بھی مشورہ دیاہے۔

انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کو 4سے5کلوگرام ایس ایس پی یا 2کلوگرام ٹی ایس پی اور ایک کلوگرام یوریا کھاد فی پودا استعمال کروانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پھل نہ دینے والے کھجور کے پودوں کیلئے بھی ضروری ہے کہ انہیں آدھی کیمیائی کھاد 30نومبر تک گوبر والی کھادکے ساتھ اور بقیہ کھاد جنوری کے آخری ہفتہ میں ڈالی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کھاد تنے سے ایک فٹ دور درخت کی شاخوں کے پھیلاو کے برابر زمین میں ڈال کر اچھی طرح گوڈی کرنے سے اس کے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار گوڈی کے بعد پانی لگا دیں۔ انہوں نے 31دسمبر سے قبل درختوں کی شاخ تراشی، پرانے پتوں کو توڑنے، جن شاخوں پر پھل لگ چکا ہو انہیں کاٹنے اور نئے پتوں سے کانٹے ختم کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ یہ کانٹے پھل کو زخمی نہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی اور مشاورت کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں