حرم شریف

کورونا وائرس سے بچا ؤکے اقدامات، حرم شریف میں طواف کا سلسلہ رک گیا

مکۃ المکرمہ (عکس آن لائن )سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث حرم شریف میں طواف کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا۔

سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالے گئے جس کی وجہ سے صحن شریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا۔حرمین شریفین پریزیڈنسی کے مطابق 1979 میں حرم شریف پر قبضے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ طواف کا عمل روکا گیا ہے۔یاد رہے سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے بھی عمرہ ادا کرنے اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت پر پابندی عائد کردی تھی۔

اس سے قبل سعودی حکومت بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین اور سیاحوں پر بھی پابندی عائد کردی تھی جس کا مقصد مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنا اور زائرین کے جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے آج مزید 3 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں