سرداردوست محمد مزاری

کشمیر ہمارے ملک کا حصہ اور اس میں بسنے والے ہمارے جسم و جاں کا حصہ ہیں،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور( عکس آن لائن )ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہاہے کہ کشمیر ہمارے ملک کا حصہ اور اس میں بسنے والے کشمیری بھائی ہمارے جسم و جاں کا حصہ ہیں۔ پانچ فروری کشمیری بھائیوں سے قلبی وابستگی کا دن ہے۔کشمیریوں کی تحریک آزادی استحکام پاکستان کی تحریک ہے جب کوئی قوم آزادی حاصل کرنے پرتل جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت بھی اس کو آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کشمیریوں کی سفارتی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔کشمیریوں کے دل میں ہندوستان سے نفرت کے سوا کوئی جذبہ نہیں۔بھارت نے کشمیر میں نفرت کا جو بیج بویا ہے وہ تنا وردرخت بن چکاہے۔بھارت کو یہ ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ پاکستان میں نڈر اور بے باک قیادت کی حکومت ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتی ہے اور ہم سے کوئی امن کی بات کرے گا تو ہم امن سے بات کریں گے اور اگر جنگ کی بات کرے گا تو ہم جنگ کی بات کریں گے۔ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ کشمیر اور ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں پر ظلم وستم ڈھایا جا رہا ہے اور خود بھارت شرافت کا لبادہ اوڑھ کر عالمی برادری کے سامنے اپنے آپ کوپُر امن ملک ثابت کرنے کی ناکام کوشش کرتا ہے جو کہ ہندوستان میں بسنے والے مسلمانوں اور کشمیری عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق اور ظلم ہے۔بھارت اس خطے میں اپنی چودھراہٹ کو قائم کرنے کے لیے طاقت کے توازن کو خراب کر رہا ہے جبکہ پاکستان ایسی جھوٹی چودھراہٹ جو لاکھوں مسلمانوں کے خون بہا پر قائم ہو کو نہیں مانتااورپاکستان ہر سطح پر اس کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت نے اپنی بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے پوری دنیا میں مظلوم کشمیریوں کے لیے ہمدردیاں پیدا کر دی ہیں اور آج بھارت کو اقوامِ عالم میں سفارتی سطح پر شکست ہو چکی ہے۔ پاکستان برابری کی سطح پر جامع مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے۔اوربھارت کو بھی چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں سالہا سال سے جاری بھارتی ظلم وتشدد کے سیا ہ بادل اب چھٹنے والے ہیں۔ اور آزادی کی خو بصورت صبح طلوع ہونے والی ہے۔ اب دنیا کی کو ئی طاقت کشمیری عوام کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی۔ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا، نہ ہے اور نہ ہی بھارت کا حصہ بننے دیں گے۔پاکستان تحریکِ انصاف کا منشور اور ہر پاکستانی فرد کی صرف ایک ہی آواز ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

اپنا تبصرہ بھیجیں