وسیم خان

کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج ہوگا، وسیم خان

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج منگل کوکر دیا جائے گا،ہم پلیئرز کو سیکیورٹی دینے کے لیے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر رہے ہیں۔ایک بیان میں وسیم خان نے کہا کہ چیف سلیکٹر مصباح الحق فہرست جمع کرائیں گے تو چیئرمین پی سی بی اس کی منظوری دیں گے ، سنٹرل کنٹریکٹ میں اے بی اور سی تینوں کیٹگریز ہوں گی۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی کاکہنا ہے کہ کوشش ہوگی سنٹرل کنٹریکٹ میں 19 سے 20 کھلاڑیوں کو شامل کریں،تاہم ابھی تک قومی کرکٹرز کی کیٹگریز سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، منگل کو بات چیت ہوگی۔

دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ دورے کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے،صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرکے ہی سیریز پربات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ میں حالات اب بھی بہت خراب ہیں، 15 مئی کو ای سی بی سے تفصیلی بات چیت ہوگی،تاہم ٹیلی کانفرنس میں دورہ انگلینڈ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوگا۔وسیم خان نے کہاکہ اگلے تین چار ہفتے صورتحال کا جائزہ لیں گے، سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے پر ابھی تبادلہ خیال ہونا ہے،جبکہ انگلینڈ کے جوابی دورے سے متعلق یہ مناسب وقت نہیں ہے۔چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ پی سی بی کی اگلے مالی سال کے لیے پوزیشن مستحکم ہے، اس کے بعد کرکٹ نہ ہوئی تو مسائل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر بات ہوگی۔

وسیم خان کے مطابق سابق کرکٹرز کا موجودہ کھلاڑیوں کو آن لائن لیکچرز کا تجربہ زبردست رہا، اسے جاری رکھیں گے، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے حکمت عملی بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بتایا کہ ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بجٹ بنا لیا ہے، اسپانسرز کے لیے کوشاں ہیں،مزید ایک سال کے لیے ہم ڈومیسٹک کرکٹ پر خرچ کر سکتے ہیں، آئندہ سیزن کیلئے مشکل ہوگی۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپانسرز کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، کورونا کی وجہ سے سیزن کے التواء سے متعلق پلان بنا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں