پیداواری مقابلہ

کاشتکار گندم کے پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے30 جنوری تک درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں، ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد

فیصل آباد (اے پی پی)محکمہ زراعت نے گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت پیداواری مقابلہ برائے گندم کیلئے کاشتکاروں سے30 جنوری تک درخواستیں طلب کرلی ہیں۔

ڈائریکٹر زراعت فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے بتایاکہ 5 یا 5ایکڑ سے زیادہ قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک مرد وخواتین کاشتکار درخواست دینے کے اہل ہونگے جبکہ مشترکہ کھاتہ رکھنے والے کاشتکار بھی اہل ہیں نیز مزارعین وکاشتکار بھی دستاویزات کی تحصیل کمیٹی کی طرف سے تصدیق کے بعد درخواست دے سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکار پانچ ایکڑ متصل فصل گندم جس میں کوئی بھی منظور شدہ قسم کی کاشت کی گئی ہو مقابلے کیلئے پیش کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)اور زراعت آفیسر(توسیع)کے دفاتر سے مفت حاصل یا محکمہ زراعت کی ویب سائٹ www. agripunjab. gov. pkسے ڈان لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مکمل درخواستیں اپنی تحصیل کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)کے دفاتر میں وصول کی جائیں گی جبکہ مذکورہ مقابلے ضلع اور صوبائی سطح پر منعقد ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں