سبزیوں

کاشتکار سبزیوں پر اکھیڑے کے حملے کی صورت متاثرہ زمین میں 2سے3سال تک فصل کا شت نہ کریں،ماہرین زراعت

فیصل آباد(عکس آن لائن)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ زمیندار و کاشتکار پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی بیماریوں اکھیڑا، روئیں دار پھپھوند، سفوفی پھپھوند،مرجھا، اگیتا، پچھیتا جھلسا اور بلاسم اینڈ راٹ کے تدارک کے لئے بروقت اقدامات یقینی بنائیں تاکہ سبزیوں کی بیماریوں سے پاک اچھی پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی کاشت سے لے کر ان کی برداشت تک کے مراحل میں مذکورہ بیماریاں کسی بھی وقت ان پر حملہ آور ہو کر پیداوارکانقصان کر سکتی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سبزیوں پر اکھیڑے کے حملے کی صورت میں جس زمین پر اس بیماری کا حملہ ہو اس میں دو سے تین سال تک یہ فصل کا شت نہ کی جائے اور جون کے مہینہ میں متاثرہ زمین میں ہل چلا کر اسے کھلا چھوڑ دیاجائے اور بعد ازاں سبزیوں کے بیج کو موزوں زہر لگا کر کاشت کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ روئیں دار پھپھوند کاحملہ شروع ہونے سے قبل اس کا تدارک انتہائی مشکل ہوتاہے لہذا کاشتکار ٹنل میں درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرتے ہوئے پھپھوند کش زہر کا سپرے بھی کریں۔ انہوں نے کہاکہ سفوفی پھپھوند پر قابو پانے کے لئے صبح یاشام کے وقت ٹنل میں سپرے کرتے ہوئے نمی کو بھی کنٹرول کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ ٹنل میں زیادہ نمی، اگیتے جھلسا کاباعث بنتی ہے لہذا ٹنل کے اندر نمی کو مناسب حد تک رکھاجائے۔ پچھیتے جھلسا سے بچنے کے لئے قوت مدافعت کی حامل سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ وائرسی بیماریوں سے سبزیوں کو بچانے کےلئے متاثرہ پودوں کو کھیت سے اکھاڑ کر دبا دیا جائے اور نرسری پر حملہ اور رس چوسنے والے کیڑوں کا بھی مکمل تدارک کیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں