مسور

کاشتکاروں کو کیمیائی و غیر کیمیائی طریقوں سے چنے اور مسور کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے بروقت انسداد کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کی جانب سے کاشتکاروں کوچنے اور مسور کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے انسداد کے متعلق فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ چنے اور مسور کی فصل میں جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے غیر کیمیائی اور کیمیائی دونوں قسم کے طریقے اپنائے جاسکتے ہیں تاہم غیر کیمیائی طریقوں میں گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کا مثر انسداد بھی کیا جاسکتاہے۔انفارمیشن یونٹ کے ترجمان نے کہاکہ پہلی گوڈی کاشت کے 30 سے40 دن بعد جبکہ دوسری گوڈی بجائی کے70 سے80 دن بعد کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گوڈی سے نہ صرف جڑی بوٹیاں تلف ہوتی ہیں بلکہ زمین میں وتر دیر تک محفوظ ہوجاتاہے اور زمین نرم اور بھربھری ہونے کی وجہ سے پودوں کی نشوونما اچھی ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خشک گوڈی کے ذریعے چنے اور مسور کی بیشتر جڑی بوٹیوں کو مثر طریقے سے تلف کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے انسداد کیلئے کیمیائی طریقہ انسداد بھی مثر ثابت ہوتاہے لیکن کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے مقامی توسیع عملہ یاماہرین زراعت کے مشورہ سے کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سفارش کردہ زہروں کا استعمال زرعی ماہرین کی مشاورت کے مطابق ہی کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے گاجر کی برداشت سے 2ہفتے قبل آبپاشی بند کرنے کا بھی مشورہ دیا اور کہاکہ کاشتکار گاجر کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب گاجر کی موٹائی تین سے چار سینٹی میٹر تک ہو جائے تو اسے برداشت کرنے میں تاخیر نہ کریں۔انہوں نے بتایاکہ بروقت گاجر کی برداشت سے اس میں مٹھاس زیادہ بڑھ جاتی ہے لیکن اگر برداشت کے وقت تک اسے پانی دیاجاتارہے تو اس کی مٹھاس میں مسلسل کمی واقع ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زمین کے وتر حالت میں ہونے سے گاجروں کی برداشت میں بھی مشکل کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ گاجر کا بیج تیارکرنے کیلئے گاجر کے ڈک کی منتقلی ایک دو روز میں مکمل کی جاسکتی ہے نیز ایک ایکڑ گاجر کی فصل سے3 ایکڑ بیج کی فصل کے ڈک حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گاجر کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں