ڈاکٹر لیلیٰ شفیق

ڈاکٹر لیلیٰ شفیق جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کی فوکل پرسن نامزد، نوٹیفیکشن جاری

لاہور(عکس آن لائن)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اور مریضوں کو بر وقت مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات کی موثر نگرانی کیلئے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کو فوکل پرسن نامزد کر دیا۔ اس سلسلے میں ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق نے باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

اس حوالے سے پروفیسر الفرید ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق ایک باصلاحیت خاتون ڈاکٹر ہیں جو پہلے بھی انتظامی عہدوں پر اپنے فرائض سر انجام دیتی رہی ہیں اورامید ہے کہ وہ شعبہ ایمرجنسی کی نئی ذمہ داریوں کوبھی احسن طریقے سے سر انجام دینے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ یہاں آنے والے مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی و تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کو ہدایت کہ کہ وہ تمام شعبوں کے انچارج صاحبان سے کو آرڈینیشن یقینی بنائیں اورتینوں شفٹوں کی مانیٹرنگ اور راؤنڈ کرنے کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر جو عملہ غیر حاضر ہو اُن کی تحریری رپورٹ ایم ایس /نرسنگ سپرٹینڈنٹ کو دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ حادثات میں صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے معاملات پر خصوصی نگاہ رکھیں اور طے شدیہ قوانین و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں سے بھی مریض آتے ہیں یہاں ایسا میکنزم مرتب کریں کہ کسی بھی مریض کو کوئی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے زور دیا کہ ڈی ایم ایس صاحبان اوپن ڈور پالیسی پر عمل کریں اور اپنی اپنی شفٹ کے دوران نظم و ضبط اور ڈسپلن کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ شعبہ حادثات میں مریضوں کو اکثر نازک حالت میں لایا جاتا ہے جہاں جان بچانا اولین ترجیح ہوتی ہے اور امید ہے کہ ڈاکٹر لیلیٰ شفیق کی نگرانی میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ زیادہ فعال انداز میں اس پالیسی پر عملدرآمد کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں