کرونا وائرس

چین میں کرونا وائرس نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی، مزید 97افراد ہلاک

بیجنگ/ووہان /تہران /سیول(عکس آن لائن)چین میں کرونا وائرس نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی جبکہ وائرس کے باعث مزید 97افراد ہلاک اور 648نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2442اور متاثرہ افراد کی تعداد76 ہزار 936 ہوگئی جن میں سے 10 ہزار 968 افراد کی حالت تاحال تشویشناک ہے ،

ا یران نے کرونا وائرس کے پھیلا ؤ کے پیش نظر ملک بھر میں کھیلوں کی تقریبات 10 دن کیلئے معطل کردیں جبکہ جمہوریہ کوریا نے کرونا کے مزید 123مریضوں کی تصدیق کردی جس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد556 جبکہ اموات کی تعداد 2سے بڑھ کر 4 ہوگئی ،ہانگ کانگ کاخصوصی طیارہ جاپان میں وائرس سے متاثر کروز شپ اپنے مزید شہریوں کو لے کر وطن واپس پہنچ گیا۔اتوار کو چینی محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ انہیں صوبائی سطح کے 31 علاقوں اورسنکیانگ کے پیداواری اور تعمیراتی کورپس سے ہفتہ کے روز نوول کرونا وائرس کے648 نئے مصدقہ کیسز اور 97 نئی اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔قومی صحت کمیشن نے بتایا کہ ان اموات میں سے 96 کا تعلق صوبہ ہوبے سے ہے جبکہ ایک کا تعلق گوانگ ڈونگ سے ہے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ دیگر 882مشتبہ کیسز ہفتہ کو رپورٹ ہوئے ہیں ۔اسی طرح ہفتہ کے روز 2 ہزار 230 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا جبکہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد 509 کم ہو کر 10 ہزار 968 ہوگئی ہے۔چینی مین لینڈ پر مریضوں کی مجموعی تعداد ہفتہ کے اختتام تک 76 ہزار 936 تک پہنچ گئی ہے اور بیماری کے باعث 2 ہزار 442 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔کمیشن نے مزید بتایا کہ 4 ہزار 148 افراد کے اب بھی وائرس سے متاثر ہونے کا شبہ ہے۔مجموعی طور پر 22 ہزار888 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا ہے۔کمیشن کا کہنا ہے کہ قریبی رابطے کے 6 لاکھ 28 ہزار 517 کیسز کا پتہ چلا ہے جن میں سے 22ہزار 128 افراد کو ہفتہ کے روز طبی معائنے کے بعد فارغ کیا گیا جبکہ 1 لاکھ 6 ہزار 89 افراد اب بھی زیر طبی نگرانی موجود ہیں۔

ہفتہ کے اختتام تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ سے 69 مصدقہ کیسز بشمول دو اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ مکا خصوصی انتظامی علاقہ سے 10 مصدقہ کیسز اور تائیوان سے 26 مصدقہ کیسز سمیت ایک ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں۔ہانگ کانگ سے 11، مکا سے 6 اور تائیوان سے 2 مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا ہے ۔ادھر چین کے صوبے ہوبے کے دارالحکومت ووہان کے ایک اسپتال میں ایک خاتون ڈاکٹرجو مریضوں سے نوول کرونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں اتوار کو انتقال کرگئی۔اسپتال کے مطابق 29سالہ گیسٹروانٹیرولوجی فزیشن شیا سیسی ووہان کے جیانگ بے اسپتال میں کام کرتے ہوئے وائرس سے متاثر ہوئی تھیں۔خاتون ڈاکٹر کو19جنوری کواسپتال داخل کیاگیا تھا جسے بعد ازاں طبیعت نازک ہونے پر7فروری کو ووہان یونیورسٹی کے ژونگ نان اسپتال منتقل کیاگیا۔ڈاکٹروں کی جانب سے جان بچانے کی سرتوڑ کوششوں کے باجودہ وہ اتوار کی صبح چل بسی۔یونین جیانگ بے اسپتال نے شیا کے انتقال پر دکھ اوراس کے خاندان سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔

ا یران نئے کرونا وائرس ،جس کو کووڈ-19 کا نام دیا گیا ہے کے پھیلا ؤ کے پیش نظر ملک بھر میں کھیلوں کی تقریبات 10 دن کے لئے معطل کرے گا ۔ یہ بات سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے ہفتے کے روز رپورٹ کی ہے۔ہیڈ کوارٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 24 فروری 2020 سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں اور تقریبات بشمول فٹ بال کے میچز دس دن کے لئے بند ہوں گے۔ایران نے بدھ کے روز جب سے نوول کرونا وائرس کے ابتدائی کیسز کا اعلان کیا ہے اب تک 29 ایرانی شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ،جن میں سے 6 جاں بحق ہوئے ہیں۔

جمہوریہ کوریا نے اتوار کے روز کووڈ-19کے مزید 123مریضوں کی تصدیق کی ہے جس سے وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد556 جبکہ اموات کی تعداد 2سے بڑھ کر 4 ہوگئی ہے۔مقامی وقت کے مطابق صبح 9بجے (0000جی ایم ٹی)وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 556 تھی جو کہ پچھلے دن کی نسبت 123 زیادہ ہیں۔جمہوریہ کوریا کے مراکز برائے بیماریوں کی روک تھام اور تدارک (کے سی ڈی سی ) دن میں روزانہ 2بار مقامی وقت کے مطابق 10 بجے صبح اور شام 5بجے وائرس سے متعلقہ اعدادوشمار کو اپ ڈیٹ کرتا ہے ۔مریضوں کی مجموعی تعداد میں سے 465کا تعلق ڈیوگو اور اس کے نواح میں واقع شمالی صوبہ گیونگ سانگ سے ہے جو دارالحکومت سیؤل سے 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے ۔کل مریضوں میں سے 306 کا تعلق اقلیتی مذہبی فرقے سے ہے جو ڈیوگو میں سنکیون جی کہلاتا ہے ۔دیگر 111کیسز کی نشاندئی چیونگڈو کانٹی میں واقع ڈینام ہسپتال سے ہوئی ہے ۔اس ہسپتال میں وائرس سے پہلی اور دوسری موت کی اطلاع بدھ اور جمعہ کو موصول ہوئی تیسری موت کا پتہ ہفتہ کے روز چلا جبکہ چوتھی موت بھی اسی ہسپتال سے منسلک ہے ۔ڈیوگو اور چیونگ کو جمعہ کے روز خصوصی انتظامی زون قرار دیا گیا جبکہ سیؤل کے نواحی علاقوں میں احتجاجی ریلیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔

حالیہ دنوں کے دورانکووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے جبکہ بدھ سے ہفتہ کے دوران 402نئے کیسز کی اطلاعات ملی ہے ۔ادھر ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کی جانب سے بجھوائے جانے والا تیسراخصوصی طیارہ جاپان میں کرونا وائرس سے متاثرہ ڈائمنڈ پرنسز کروز شپ سے 5 مزید شہریوں کو لے کر اتوار کی صبح واپس ہانگ کانگ پہنچ گیا۔ ا س طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح 6بج کر 10 منٹ پر ہانگ کانگ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لینڈنگ کی ۔ان مسافروں کو بھی چند روز قبل ہانگ کانگ واپس آنے والے طیارے کے 208 مسافروں کی طرح 14دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے ۔ڈائمنڈ پرنسز نامی کروزشپ پر ابتدا میں 50ملکوں سے تعلق رکھنے والے 3ہزار 700 مسافراور عملے کے ارکان سوار تھے اور اسے5فروری سے لے کر اب تک ٹوکیو کے جنوب میں واقع یوکوہاما بندرگاہ پر الگ تھلگ رکھاگیا ہے ۔

ایچ کے ایس اے آر حکومت کے مطابق کروز شپ سے انخلا کا آپریشن شروع ہونے سے قبل قرنطینہ میں رکھے گئے جہاز پر ہانگ کانگ کے 364شہری سوار تھے جن میں سے68مسافروں میں وائرسکے مثبت نتائج سامنے آئے اور 30مسافروں میں قریبی رابطے کے شواہد بھی ملے تھے ۔ایچ کے ایس آر حکومت کی جانب سے بجھوائے جانے والے ٹاسک فورس کے اکثریتی ارکان بھی تیسرے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے واپس ہانگ کانگ پہنچے ہیں ۔جبکہ ایمیگر یشن محکمے کے کئی افسران جاپان میں قیام کریں گے تاکہ ہانگ کانگ کے ان باشندوں کی مدد کرسکیں جو وہاں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب چین کے صدرشی جن پھنگ نے اتوارکو نوول کرونا وائرس کے وبائی مرض(کووڈ-19) کے تدارک وکنٹرول اورمعاشی وسماجی ترقی کے درمیان ہم آہنگی کی کوششوں کوآگے بڑھانیکیلئے بیجنگ میں ایک اجلاس میں شرکت کی۔چین کی کمیونسٹ پارٹی سی پی سی کی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین صدر شی نے اجلاس سے اہم خطاب کیا۔ٹیلی کانفرنس کی شکل میں ہونے والے اس اجلاس کی صدارت لی کھ چھیانگ نے کی جس میں لی ژان شو،وانگ یانگ،وانگ ہننگ،ژاو لیجی اور ہان ژینگ نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں