پاکستان کرکٹ بورڈ

پی سی بی کا قومی کرکٹرز کے این او سی میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور ( عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایل ٹی ٹونٹی اور بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے این او سی میں توسیع کی درخواستیں کی گئی تھیں، درخواستیں ملنے کے بعد پی سی بی نے معاملے کا جائزہ لیا تھا جس کے بعد این او سی میں مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو پیغام دیا ہے کہ ایشو کیے گئے این او سی میں مزید توسیع نہیں دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق زیادہ کھلاڑیوں کو 7فروری تک این او سی جاری کیے گئے ہیں اور اب توسیع نہ ملنے پر کھلاڑیوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جو کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں انہیں بھی واپس بلایا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایک کھلاڑی کا موقف ہے کہ جن کا ورک لوڈ مینجمنٹ مسئلہ نہیں انہیں مزید کھیلنے دیں، پی ایس ایل 17 فروری سے ہے، بیرونِ ملک لیگز میں تب آخری میچز کھیلے جا سکتے ہیں۔

مذکورہ کھلاڑی کا کہنا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں کو 13فروری تک این او سی دیا گیا جبکہ ایک کھلاڑی کو 16فروری تک این او سی ملا ہوا ہے، پی سی بی کو یکساں پالیسی بنانی چاہیے جو قومی ٹیموں میں شامل نہیں انہیں تو کھیلنے دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں