لاہور جنرل ہسپتال

پی جی ایم آئی کے تین مرحوم ملازمین کے بچوں کو نوکریاں دے دیں گئیں،نوٹیفکیشن جاری

لاہور(نمائندہ عکس)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے دوران سروس وفات پانے والے پی جی ایم آئی کے تین ملازمین کے بچوں کو نوکریاں دینے کے تقرر نامے جاری کر دیے ہیں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے پی جی ایم آئی اور اے ایم سی کی ٹیم میں شامل ہونے والے نئے ملازمین سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے مرحوم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے فرائض منصبی ایمانداری،محنت و لگن کے ساتھ سر انجام دیں گے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے صوبائی حکومت کی انسان دوست پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام سنہری حروف سے لکھا جائے گا کہ دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو بے یارو مدد گار نہیں چھوڑا جاتا بلکہ ایسے ملازمین کے کسی ایک بیٹے یا بیٹی کو قواعد و ضوابط کے مطابق نوکری فراہم کی جاتی ہے تاکہ مستقبل میں بھی ان کا ذریعہ معاش چلتا رہے۔پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ یہ اقدام نیک نامی کا باعث ہے اور تمام سرکاری ملازمین حکومتی پالیسی سے پوری طرح مطمئن ہیں اور انہیں اپنے مستقبل کے تحفظ کی ہر وقت یقین دہانی رہتی ہے جس سے ان میں اعتماد اور پوری تندہی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کا جذبہ رہتا ہے۔ اس موقع پر چیئر مین ایپکا چوہدری امتیاز،صدر کاشف گجر،جنرل سیکرٹری خواجہ عثمان کے علاوہ دیگر ملازمین بھی موجود تھے جنہوں نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کے مرحوم ملازمین کے بچوں کو بھرتی کرنے کے بر وقت اقدام کو سراہا اور انہوں نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں