‘خواجہ برادران

پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل کیس ‘خواجہ برادران کےخلاف وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ آئندہ سماعت پر طلب

لاہور(عکس آن لائن)احتساب عدالت نے پیراگون ہاﺅسنگ سکینڈل کیس میں خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلیا،عدالت نے کہاکہ اگر قیصر امین بٹ پیش نہ ہوئے تو ان کے ورانٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت ہوئی،خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی ،سب رجسٹرارعزیز بھٹی ٹاون نے پیراگون سوسائٹی کی رجسٹریوں کاریکارڈ پیش کردیا۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسارکیاکہ پراسیکیوشن نے گواہوں کو عدالت میں پیش کیا ،پراسیکیوٹر نے کہاکہ عدالتی حکم پر گواہان کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔جونیئروکیل نے کہاکہ خواجہ برادران کے سینئر وکلا عدالت میں موجود نہیں ہیں ،وکیل نے استدعا کی کہ سینئروکلا کی موجودگی میں بیان قلمبند کیا جائے، عدالت نے کہاکہ قانون کے مطابق جب گواہ موجودہوںتب عدالت بیان قلمبند کر سکتی ہے ،احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے وکیل کی استدعا مستردکردی۔وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹس احتساب عدالت میں پیش کی گئی،میڈیکل رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ قیصر امین بٹ دل کی بیماری کے باعث پیش نہیں ہو سکتے ،احتساب عدالت نے قیصر امین بٹ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا،عدالت نے کہاکہ اگرقیصر امین بٹ پیش نہ ہوئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے ،عدالت نے خواجہ برادران کیخلاف کیس کی سماعت2 جون تک ملتوی کردی۔

پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے18ترمیم کے معاملے پر ن لیگ سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا 18ویں ترمیم کے معاملے پر شور مچایا جارہا ہے لیکن یاد رکھیں صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کا قانون اورریاستی امور ساتھ نہیں چل سکتے۔ جیلیں غیر سیاسی بے گناہ افراد سے بھری پڑی ہیں۔ نیب قوانین کا18ویں ترمیم سے کوئی تعلق نہیں۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کو پیرا گون ہاوسنگ اسکینڈل کیس میں طلب کر رکھا تھا۔خیال رہے کہ نیب نے 11 دسمبر2018 کو خواجہ برادران کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے الزام لگایا ہے کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے ہیں اور ان کے نام 40 کنال اراضی موجود ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور عوام سے اربوں روپے بٹورے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں