پٹرول اور بجلی

پٹرول اور بجلی مہنگی کر کے عوام پر دو دہاری تلوار چلائی جا رہی ہے،میاں زاہد حسین

کراچی(عکس آن لائن)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی کے نرخ میں اضافہ منی بجٹ ہے جو ناقابل قبول ہے۔مختلف حیلے بہانوں سے بجلی کی قیمت میں ایک روپے پچانوے پیسے فی یونٹ اضافہ سے عوام پر اقتصادی دبائو بڑھے گا کاروباری برادری کے مصائب میں اضافہ ہو گا اور کاروبار بند ہونے سے بے روزگاری پھیلے گی ۔ اس فیصلے سے پیداوار اور برآمدات بری طرح متاثر ہونگی ، ہر چیز مہنگی ہو جائے گی جبکہ معاشی استحکام اوربرآمدات بڑھانے کی وزیراعظم کی ساری کوششیں رائیگاں جائیں گی۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ٹیکس اور سرچارج وغیرہ لگنے کے بعد یہ اضافہ عوام اور کاروباری برادری کی پہنچ سے باہر نکل چکا ہے جو ناقابل قبول ہے اس لئے اسے واپس لیا جائے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے اسکا استعمال کم اور چوری بڑھ جائے گی اور مہنگائی سے پریشان عوام پر ڈھائی سو ارب روپے کااضافی بوجھ پڑے گا۔

اس اضافہ میں ماہانہ پچاس یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو بھی نہیں بخشا گیا ہے اور اب انھیں فی یونٹ دو روپے کے بجائے تین روپے پچانوے پیسے ادا کرنا ہونگے، ایک سو یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 5.79 روپے کے بجائے7.74، دو سو یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 8.11 روپے کے بجائے10.06 روپے، تین سو یونٹ تک صرف کرنے والوں کو 10.20 روپے کے بجائے12.05 روپے اور سات سو یونٹ تک صرف کرنے والوں کو 17.60 روپے کے بجائے 19.55 ادا کرنا ہونگے جبکہ سات سو یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے بائیس روپے ستر پیسے فی یونٹ ادا کریں گے۔آئی ایم ایف کیمنصوبے کے مطابق آئندہ چند ماہ میں بجلی کے نرخ مذید بڑھاکر عوام پر دو سو ارب تک کا مذید بوجھ بھی ڈالا جائے گا جس میں بمشکل زندگی کی گاڑی کھینچنے والے غریبوں کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ایک طرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مسلسل بڑھائی جا رہی ہیں جبکہ دوسری طرف بجلی اور گیس کے نرخ بڑھائے جا رہے ہیں جو عوام کو دو دہاری تلوار سے مارنے کے مترادف ہے۔کاروباری برادری200ارب روپے کی بجلی کی چوری روکنے اور اتنی ہی مالیت کے لائن لاسزروکنے کے بجائے سارا ملبہ عوام پر ڈالنے کی پالیسی کو مسترد کرتی ہے۔ بجلی چوری کے چھیالیس ہزار مقدمات درج کئے جا چکے ہیں مگر کسی ایک بھی ملزم کو سزا نہیں ہوئی جس سے عوام کو ریلیف دینے کے معاملہ میں وزیراعظم عمران خان کی ساری کوششیںرائیگاں جانے کا خطرہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں