عثمان بزدار

پنجاب کے پاس وافر گندم موجود،آٹے کی قلت نہیں ،عثمان بزدار

لاہور(عکس آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اتوار کے روزجڑانوالہ اورسمندری کے اچانک دورے کیے ۔تھانے، آٹا سیل پوائنٹس اورہسپتالوں پر چھاپے مار کرصورتحال کا جائزہ لیا اوردونوں شہروں میں صفائی کے انتظامات بھی چیک کیے۔

وزیراعلیٰ نے ناقص کارکردگی کی عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کوعہدے سے ہٹا دیاجبکہ اسسنٹ فوڈ کنٹرولر اورایس ایچ اوکو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اتوار کے روزاچانک جڑانوالہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائے سیل پوائنٹ پرعوام کو آٹے کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے مصافحہ کیااوروزیراعلیٰ نے شہریوں سے آٹے کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اورانہیں حکومت پنجاب کی طرف سے آٹے کے تھیلے دیئے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بعض شہریوں کی جانب سے آٹے کی کم دستیابی کی شکایت پرفوری ایکشن لیا اوراسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا،جس پراے سی جڑانوالہ کو او ایس ڈی کردیااور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرجمیل گجرکو معطل کردیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس وافر گندم موجود ہے ۔آٹے کی قلت کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔میں عوام سے ہوں اورعوام کو آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ میں نکلا ہوں ۔

وزیراعلیٰ نے شہر میں آٹے کے سیل پوائنٹس میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے سیل پوائنٹس پر آٹا مقررکردہ نرخوں پردستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مختلف شہروں کے دور ے کر کے آٹے کی صورتحال کا جائزہ لیتا رہوں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تھانہ سٹی جڑانوالہ کا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے حوالات میں بند ملزموں سے ہاتھ ملایا اوران کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے تھانے کے مختلف حصوں کاجائزہ لیا اور صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ حوالات میں بند ملزموں کوقواعد و ضوابط کے مطابق سہولتیں ملنی چاہیے جو ان کاحق ہے ۔وزیراعلیٰ نے شکایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ معطل کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال جڑانوالہ کا بھی اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جڑانوالہ شہر کی گلیوں کی صفائی کو بھی بہتر بنایا جائے ۔صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کی جائے ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارجڑانوالہ سے اچانک سمندری پہنچ گئے۔آٹا سیل پوائنٹ اورتحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال کادورہ کیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیل پوائنٹ پر شہریوں میں خود آٹے کے تھیلے تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں آٹا وافر دستیاب ہے ۔20کلو آٹے کا تھیلا805روپے میں مل رہا ہے ۔ جہاں پر بھی آٹے کی کم دستیابی کی شکایت سامنے آئی فوری ایکشن ہوگا ۔عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔

وزیراعلیٰ نے آٹے کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔میں خود آٹے کی دستیابی کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں نکلا ہوں ۔ کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمندری کا دورہ کرکے ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوردستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی پوچھے ۔وزیراعلیٰ نے دو خواتین مریضوں کو ان کے بچوں کے علاج کیلئے مالی امدادبھی دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی کو 24گھنٹے فنکشنل ہوناچاہیے۔ ایمرجنسی بلاک کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کے ڈاکٹر بھی جلد آجائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں گندم اورآٹے کی صورتحال بہت بہتر ہے ۔ہم نے فلور ملوں کیلئے آٹے کی سپلائی میں اضافہ کردیا ہے ۔میں خود فیلڈ میں موجود ہوں اورزمینی حقائق سے باخبر ہوں ۔کسی کو بھی اپنے عوام کے ساتھ زیادتی نہیں کرنے دوں گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے میں پنجاب انسٹیٹیوٹ برائے امراض خون کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کو آئندہ مالی سال سے شروع کیا جائے گا اوراس اہم منصوبے کیلئے فنڈز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رکھے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے منصوبے کیلئے اراضی کی جلد نشاندہی کی جائے اور منصوبے کے حوالے سے ضروری اقدامات جلد طے کئے جائیں تاکہ آئندہ مالی سال کے آغاز میں اس پر کام شروع کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ماہرین سے رابطہ کرکے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امراض خون کے مریضوں کے علاج کیلئے جدید ترین ادارہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کے مریضوں کو اعلیٰ طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔امراض خون میں مبتلا افرادبالخصوص بچوں کی بروقت تشخیص سے جان بچائی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسٹی ٹیوٹ برائے امراض خون کا قیام طبی تاریخ کا اہم سنگ میل ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو جلد فنکشنل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کو رواں برس آپریشنل کیا جائے۔

بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے منصوبے کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے اور اس منصوبے کی تکمیل سے جنوبی پنجاب سمیت دیگر علاقو ں کے مریضوں کو بہت سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنا رہے ہیں اور ہمارے پائیدار اقدامات ہیلتھ کیئر سسٹم کو معیاری بنانے میں ممدو معاون ثابت ہوں گے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلیٰ، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلیٰ، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔دریں اثناء ساہیوال میں آٹے کی فراہمی کے حوالے سے عوامی شکایات پروزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سخت ایکشن لیا ہے۔عوامی شکایات،فرائض سے غفلت برتنے اورناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرساہیوال معطل کردیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آٹے کی فراہمی کے حوالے سے عوام کی شکایات پر فوری کارروائی ہوگی۔جو افسر ڈلیور نہیں کرے گا، عہدے پر نہیں رہے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ افسران خود فیلڈ میں نکلیں اورعوام کو ریلیف فراہم کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارچک نمبر 16/69 سید والا جڑانوالہ گئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے پرسنل سٹاف آفیسر حیدر علی کی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔نماز جنازہ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے پڑھائی اورمرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حیدر علی سے ان کی والدہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حیدر علی سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس ہے۔ والدہ کا انتقال کسی بڑے بڑا سانحہ سے کم نہیں۔ ماں جیسی عظیم ہستی کا دنیا سے اٹھ جانا رضائے الہٰی ہے۔ماں کی نعمت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ماں کی جدائی کا دکھ کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے آپ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔نماز جنازہ میں صوبائی وزراء ،اراکین اسمبلی، اعلی سرکاری حکام،عزیز و اقارب اور لوگوں کی بڑی تعدا د نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب کے پرسنل سٹاف افسر حید رعلی کی والدہ مرحومہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی آج(20جنوری) سید والا انٹرچینج ایم تھری کے قریب چک نمبر 16/69 میں ہوگی۔پی ایس او حید ر علی کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا11 بجے کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں