سائنس ایکسپو

پاکستان سائنس فانڈیشن کے زیراہتمام سائنس ایکسپو 28 اور 29 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارے پاکستان سائنس فاونڈیشن کے زیر اہتمام دوروزہ پاکستان سائنس ایکسپو 28 اور 29 جنوری کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگی، پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں ہونے والی ایکسپو میں ملکی اور غیر ملکی مندوبین، اراکین پارلیمنٹ، سرکاری افسران، نجی کمپنیوں کے ایگزیکٹوز اور سی ای اوز، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، صنعتی رہنما، سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ، سکالرز، محققین اور سائنسدان شریک ہوں گے۔

پاکستان سائنس فاونڈیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ نے بتایا کہ ایکسپو کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سائنس ایکسپو ملکی تاریخ کی اپنی نوعیت کی پہلی ایکسپو ہے جس کا مقصد پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز، سائنس سوسائٹیوں، طلبہ، یونیورسٹیوں اور محققین کی کامیابیوں کو ظاہر کرنا ہے، اس کا انعقاد حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کے لیے کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو مختلف اداروں اور تنظیموں کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں کامیابیوں کو نمائش کے لیے پیش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی، ایکسپو میں مختلف ادارے اپنے سٹال بھی لگائیں گے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پاکستان سائنس ایکسپو کے انعقاد سے دنیا میں پاکستان کی مثبت ساکھ کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں