ہمایوں اختر خان

پاکستان ، چین ہر آزمائش اور کڑے وقت میں لازوال دوستی کے معیار پر پورا اترے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش اور کڑے وقت میں لازوال دوستی کے معیار پر پورا اترے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت اور پختگی آئے گی ،وزیر اعظم عمران خان کے دورے کا بنیادی مقصد سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جذبہ خیرسگالی کا پیغام پہنچانا ہے تاہم چینی قیادت سے ہونے والی ملاقات بھی اہمیت کی حامل ہیں۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس دوستی میں رخنہ نہیں ڈال سکتی ، پاکستان اور چین کی حکومتوں کے علاوہ عوام کے درمیان بھی باہمی روابط میں تیزی آئی ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سی پیک، سپیشل اکنامک زونز، سرمایہ کاری، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ سی پیک کے تحت منصوبے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات اور دوستی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ۔چین نے مختلف شعبوں میں پاکستان کی استعداد بڑھانے کے لئے بھی بھرپو رتعاون فراہم کر رہا ہے جس پر اس کے شکر گزار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں