اشرف بھٹی

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند،لیوی میںبھی کمی کی جائے’ اشرف بھٹی

لاہور( عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم پر وصول کی جانے والی لیوی میںبھی کمی کی جائے ، پالیسی ریٹ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے مقامی سرمایہ کار ی منجمد ہو گئی اس لئے اسے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میںپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی سے عوام کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی لیکن حکومت سے مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز کی شرح کوبھی کم کرے تا کہ عوام حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے ۔حکومت کو ہر وہ اقدام اٹھانا چاہیے جس سے معیشت کا پہیہ چلے ، پالیسی ریٹ میں بھی مزید کمی لائی جائے تاکہ مارکیٹ میں سرمایہ میسر آ سکے ، موجودہ حالات میں پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے تاکہ مارکیٹ سے سرمائے کی قلت ختم ہو سکے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکسز کے نفاذ کی بجائے ٹیکسز کی تعداد اور شرح میں کمی کر ے اور نئے ٹیکس گزاروں کو نیٹ میں لانے کی پالیسی لائے۔انہوں نے کہا کہ تاجروںکے دیرینہ مسائل کے حل اور رابطوں کے لئے گریڈ 18اور اس سے اوپر کے افسران کو بطور فوکل پرسنز تعینات کیا جائے۔