وہیکل ٹرانسفر

وہیکل ٹرانسفرکے لیے صوبہ میں بائیو میٹرک کی لازمی شرط کل سے لاگو

راولپنڈی (عکس آن لائن) پنجاب بھر میں گاڑیوں کی ملکیت منتقلی کا موخر شدہ نیا نظام (کل ) 07جنوری سے شروع ہونے کا امکان ہے ،نئے نظام کے ا طلاق کے بعد فروخت کنندہ اور خریدار کی بائیو میٹرک ضروری ہوگی ۔محکمہ ایکسائز پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب بھر میں گاڑیوں کی ملکیت کے منتقلی کے لیے یکم جنوری سے بائیو میٹرک نظام کے نفاذ کی تیاریاں مکمل تھیں تاھم محکمہ ایکسائز کے پنجاب بھر میں مختلف دفاتر پر اوپن ٹرانسفر لیٹر کی حامل گاڑی مالکان کے رش کو دیکھتے ہوئے محکمہ ایکسائز پنجاب نے نئی پالیسی کے فوری اطلاق کو موخر کرتے ہوئے اس میں ایک ہفتہ کی توسیع کردی تھی ۔

ایکسائز ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ گاڑی ٹرانسفر کے حوالے سے بائیو میٹرک تصدیقی عمل پر عمل در آمد کے لیے گذشتہ کافی عرصہ سے اقدامات جاری تھے جن کا بنیادی مقصد گاڑیوں کی ملکیت کے انتقال میں ہر قسم کی جعلسازی کا خاتمہ تھا ۔ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے سے بائیو میٹرک نظام کے اطلاق کے لیے محکمہ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اس مقصد کے لیے مطلوبہ بائیو میٹرک مشینوں کی خریداری اور ان کی آن لائن نظام سے منسلک کرنے کے دیگر انتظامات کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے ۔ پنجاب بھر میں گاڑی ملکیت کا نیا نظام نافذ ہونے کے بعد کسی بھی گاڑی کی ملکیت خریدار اور فروخت کنندہ کی موقع پر بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر ممکن نہیں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں