سپریم کورٹ

وفاقی حکومت اور اے این ایف نے کے پی حکومت کا انسداد منشیات قانون چیلنج کر دیا، سپریم کورٹ نے جواب طلب کرلیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی حکومت اور اے این ایف نے کے پی حکومت کا انسداد منشیات قانون چیلنج کر دیاجس پر سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔

پیر کو وفاقی حکومت کی آئینی درخواست پر جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی ۔عدالت نے کے پی حکومت سے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا ۔ اے این ایف نے کہاکہ منشیات کے حوالے سے قانون سازی وفاق کا اختیار ہے۔ وکیل اے این ایف نے کہاکہ صوبائی حکومت نے 2019 کا ایکٹ بنا کر وفاقی قانون عملی طور پر معطل کر دیا۔ وکیل راجہ انعام نے کہاکہ وفاقی قانون ختم ہونے سے اے این ایف کے تمام مقدمات کالعدم ہو رہے ہیں ،

وکیل اے این ایف نے کہاکہ منشیات کے حوالے سے عالمی کنونشن اور قوانین بھی موجود ہیں، اقوام متحدہ ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے 1997 کا قانون بنا تھا، کے پی اسمبلی نے آئین کے آرٹیکل 143 کو مدنظر نہیں رکھا۔وکیل اے این ایف نے کہاکہ عدالت کے پی کے انسداد منشیات قانون کو خلاف آئین قرار دے۔اینی نارکوٹکس فورس نے عدالت سے صوبائی قانون پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کی ، عدالت نے مقدمہ کے فیصلے تک صوبائی قانون پر عملدرآمد روکنے کی استدعا مسترد کر دی ۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ اٹارنی جنرل اور صوبائی حکومت کا موقف سننا ضروری ہے۔عدالت نے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں