ہمایوں اختر خان

وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا جارہا ہے‘ہمایوں اختر خان

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا جارہا ہے ، پاکستان امریکہ سمیت تمام ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات کا خواہاں ہے اور حالیہ چند ماہ میں اپنے عمل سے اسے ثابت بھی کیا ہے ،حکومتی اقدامات کے باعث معاشی استحکام ،مالی و تجارتی خساروں میں کمی اور سرمایہ کاری کےلئے اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ” پاکستان کی معیشت اور ہماری سمت “کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر میں خود کو وژن رکھنے والے لیڈر کے طو رپر تسلیم کرایا ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم میں انتہائی موثر خطاب کیا جسے بھرپور پذیرائی ملی ۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو اصلاحات کے ذریعے فرسودہ نظام سے چھٹکارا دلانا چاہتے ہیں لیکن جن طبقات کے اس نظام سے مفادات وابستہ ہیں وہ اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور مزاحمت بھی کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے تھے کہ حکومت کو ”اب نہیں کبھی نہیں “کے فارمولے پر عمل پیرا ہونا پڑا اور ہم نے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کڑوی گولی نگلی اس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ گزشتہ ماہ موڈیز نے پاکستان کی پوزیشن منفی سے مستحکم کر دی ہے جبکہ 2018ءمیں آﺅٹ لک کم کر کے منفی کر دیا گیاتھا،اسی طرح کاروبار میں آسانی کے اشاریوں میں پاکستان کی درجہ بندی میں 28 پوائنٹس کی بہتری آئی جبکہ عالمی بینک نے گزشتہ سال پاکستان کو دس بڑے اصلاحات کرنے والے ممالک میں شامل کیا ہے ،بلومبرگ نے بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج کو گزشتہ تین ماہ کے دوران دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شامل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو آگے بڑھتا اور ترقی کرتا ہوا پاکستان ہضم نہیں ہو رہا اور منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے لیکن پاکستان کی قسمت کو کھوٹا کرنے کی تدبیریں کرنے والوں کو سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں