محسن نقوی

وزیراعلیٰ محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل کرسٹن کے ہاکنز کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور ( عکس آن لائن) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں خصوصا سموگ سے نمٹنے کے لئے اشتراک کارکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت،سیاحت،تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لئے بات چیت کی گئی ۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے امریکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے دوست ملکوں کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں،ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات کوبڑے پیمانے پر جلانے کے سبب لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ میں بہت اضافہ ہوا ہے،پنجاب میں سموگ کو آفت قرار دے کر سموگ ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تمام سکولوں میں طلبا وطالبات کی صحت کے لئے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے، جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھایا جارہا ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ صوبائی وزیراطلاعات وثقافت عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں